ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / آرٹیکل 370 اور 35 اے کو ختم کرکے مودی نے ہندوستان میں دہشت گردی کے دروازے کو بند کیا ہے: امت شاہ

آرٹیکل 370 اور 35 اے کو ختم کرکے مودی نے ہندوستان میں دہشت گردی کے دروازے کو بند کیا ہے: امت شاہ

Thu, 31 Oct 2019 18:37:50    S.O. News Service

نئی دہلی،31اکتوبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)  مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے جمعرات کو کہا کہ آرٹیکل 370 اور آرٹیکل 35 اے جموں و کشمیر میں دہشت گردی کے اہم راستے تھے اور وزیر اعظم نریندر مودی نے دونوں کو ختم کر اس دروازے کو بند کر دیا ہے۔شاہ نے یہ بھی کہا کہ جموں کشمیر کا باقی ملک کے ساتھ انضمام کا سردار بلبھ بھائی پٹیل کا نامکمل خواب پانچ اگست کو پورا ہوا جب آرٹیکل 370 اور 35 اے منسوخ کئے گئے۔پٹیل کی 144 ویں یوم پیدائش کے موقع پر یہاں ’رن فوریونیٹی‘ کا آغاز کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ آرٹیکل 370 اور 35 اے ہندوستان میں دہشت گردی کا راستہ تھے۔وزیر اعظم مودی نے انہیں منسوخ کرکے اس دروازے کو بند کر دیا ہے۔آرٹیکل 370 اور آرٹیکل 35 اے کی زیادہ تر دفعات کو ختم کرنے والابل پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں اگست میں پیش کرنے والے شاہ نے کہا کہ جب ہندوستان کو آزادی ملی تھی اس وقت یہاں 550 سے زیادہ ریاستیں تھیں اور سب کو لگتا تھا کہ یہاں تک کہ اگر ہندوستان کو آزادی مل گئی ہو لیکن ملک مختلف ہی رہے گا۔شاہ نے کہا کہ اس وقت مہاتما گاندھی نے ساری ریاستوں کے بھارت یونین میں ضم کی ذمہ داری پٹیل کو سونپی تھی اور اس کام کو پٹیل نے ذمہ داری سے مکمل کیا۔انہوں نے کہا کہ ایک کام مکمل ہونا باقی رہ گیا تھا اور وہ کام تھا جموں کشمیر کا بھارت یونین میں مکمل انضمام۔ہزاروں لوگوں کی بھیڑ سے خطاب کرتے ہوئے شاہ نے کہاکہ آرٹیکل 370 اور 35 اے اس انضمام کی راہ میں بڑی رکاوٹ تھے اور کسی نے بھی اس موضوع کو ہاتھ نہیں لگایا۔جموں کشمیر کا باقی ملک کے ساتھ انضمام کا سردار بلبھ بھائی پٹیل کا نامکمل خواب پانچ اگست کو پورا ہوا جب آرٹیکل 370 اور 35 اے منسوخ کئے گئے۔

 وزیر داخلہ نے کہا کہ 2019 لوک سبھا انتخابات میں نریندر مودی کو ملی جیت کے بعد دونوں دفعات کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔شاہ نے کہا کہ کئی سالوں تک پٹیل کو وہ احترام نہیں ملا جس کے وہ حقدار تھے،ان کو نظر انداز کیا گیا اور انہیں بھلانے تک کی کوشش کی گئی۔پٹیل کو بھارت رتن نہیں دیا گیا، ان کی مورتی نہیں لگائی گئی اور نہ ہی ان کی تصاویر لگانے کی اجازت تھی۔انہوں نے کہا کہ جب مودی وزیر اعظم بنے تو انہوں نے پٹیل کو وہ احترام دینا شروع کیا جس کے وہ حقدار تھے۔گجرات کے کیوڈیا میں واقع پٹیل کی ’سٹیچیو آف یونٹی‘ کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مودی نے کسانوں سے لوہے کے ٹکڑے، گجرات کے ہر گاؤں سے مٹی اور مختلف دریاؤں کے پانی لے کر اس شخص کو شائستہ خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے ملک کو متحد کیا۔


Share: